ارنا کے دفاعی امور کے نامہ نگار کے مطابق سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے ایک سیمینار سے خطاب میں اربعین حسینی کے موقع پرعراق میں زائرین کی خدمت کے لئے موکب لگانے والوں کو اربعین حسینی کی شان قرار دیا ۔
یہ سیمینار ایران کے ممتاز موکب داروں کی قدردانی کے لئے منعقد ہوا تھا۔
جنرل اسماعیل قاآنی نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ آپ موکب داروں کی کاوشوں کے نتیجے میں اربعین حسینی کی رونق میں سال بہ سال اضافہ ہورہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اربعین حسینی کے میزبان تو دراصل عراقی ہیں او آپ موکب دار حضرات، اس میزبانی میں مدد کرتے ہیں۔
سپاہ قدس کے کمانڈر نے کہا کہ اربعین حسینی، ظہور امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے لئے اعلان آمادگی اورلشکر ( امام مہدی علیہ السلام )کی نمائش کی حیثیت رکھتا ہے۔
جنرل قاآنی نے کہا کہ اربعین حسینی میں شریک ہونے والے زائرین کی تعداد سال بہ سال بڑھ رہی ہے اور مختلف عقائد و افکار کے لوگ جوق درجوق اس میں شرکت کے لئے عراق پہنچتے ہیں ۔
جنرل قاآنی نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مجاہدت اور اربعین کی سیکورٹی میں ان کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی ان ہستیوں میں سے ہیں جنہوں نے یہ راستہ کھولنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اوراگر سہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور عراقی عوام کی مجاہدت نہ ہوتی تو آج اربعین مارچ کا راستہ کھلا نہ ہوتا۔
سپاہ قدس کے کمانڈر نے بتایا کہ کربلا کے گورنر نے اربعین کے بارے میں گفتگو کے دوران بتایا کہ "ایک یورپی ملک کا سفیر یہاں آیا اور پوچھا کہ اربعین کا انتظام کون کرتا ہے؟ میں نے کہا کہ ہم نہیں کرتے۔ اس نے پوچھا کہ کون اس کا انتظام کرتا ہے؟ میں سوچ سوچ کے اس کے سوالوں کا جواب دے رہا تھا اور وہ سوال پر سوال کئے جارہا تھا کہ اس کا انتظام کون کرتا ہے آخر میں، میں نے کہا کہ ہمارے ایک امام زندہ ہیں وہی اربعین حسینی کا انتظام کرتے ہیں۔"
جنرل قاآنی نے کہا کہ امسال اربعین مارچ اوراس موقع پر موکب لگانے والوں میں برادران اہلسنت کی تعداد گزشتہ برسوں سے زیادہ تھی۔
پاسداران انقلاب اسلامی کی سپاہ قدس کے کمانڈر نے بتایا کہ امسال کربلائے معلی میں بارگاہ حسینی کے قریب ایک بین الاقوامی اجلاس منعقد ہوگا جس میں دنیا کے 62 ملکوں کے مندوبین شرکت کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین میں زیادہ تر اہلسنت ہوں گے۔
جنرل قآآنی نے بتایا کہ کربلائے معلی میں بارگاہ حسینی کے قریب منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی اجلاس میں عالم اسلام کے اہم ترین موضوع یعنی مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا جائے گا؛ اور یہ اربعین حسینی کی برکت ہے کہ اس تحریک میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ پیشرفت آرہی ہے۔
آپ کا تبصرہ